اسلام آباد،07ستمبر (اے پی پی ) : وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈی جی ہیلتھ نے وزیر صحت کو اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی (IHRA)
کے ٹیکنیکل ماہرین کے پمز ہسپتال کے دورے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ٹیکنیکل ماہرین پمز ہسپتال کی کارکردگی، سہولیات اور طبی خدمات کا مقررہ معیار کے مطابق جائزہ لے رہے ہیں۔
ماہرین کلینیکل، سرجیکل، میڈیکل، ریڈیولوجی اور انتظامی شعبوں کا مختلف انڈیکیٹرز کی بنیاد پر جائزہ لیں گے۔ جائزے کے بعد پمز ہسپتال کی خدمات میں بہتری اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سفارشات مرتب کی جائیں گی۔











