پاسکو اور یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش کے عمل میں ہونے والی پیش رفت اور آئندہ اقدامات کا جائزہ اجلاس

4

اسلام آباد،07 ستمبر (اے پی پی):  وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں پاسکو اور یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش کے عمل میں ہونے والی پیش رفت اور آئندہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین کے واجبات، وینڈر ادائیگیوں، اسٹاک اور اثاثوں کی منتقلی سمیت مختلف امور پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔  اجلاس کو بتایا گیا کہ ملازمین اور تصدیق شدہ واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے جبکہ اسٹاک اور دیگر اثاثوں کے حوالے سے بھی اقدامات جاری ہیں۔

پاسکو کی بندش کے عمل میں پیش رفت اور مختلف صوبوں میں موجود اسٹاک کی منتقلی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے متعلقہ اداروں اور صوبائی حکام کے درمیان مؤثر رابطہ یقینی بنانے پر زور دیا۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ باقی ماندہ امور کو مربوط اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ دونوں اداروں کی بندش کا عمل مؤثر انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے سرکاری وسائل کے تحفظ اور تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔