خانیوال ، 07 ستمبر (اے پی پی): یوم دفاع پاکستان کے موقع پر سہولت بازار میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پارلیمنٹری نمائندگان، ضلعی افسران، سول سوسائٹی کے ارکان اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران 6 ستمبر کے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جبکہ فضا ’’اللہ اکبر‘‘، ’’پاک فوج زندہ باد‘‘ اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور چیئرپرسن سہولت بازار اتھارٹی ملک افضل کھوکھر کی خصوصی ہدایت پر منعقدہ تقریب کا مقصد یوم دفاع کی مناسبت سے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ سہولت بازار کے خریداروں کو معیاری روزمرہ استعمال کی اشیاء کنٹرول ریٹ سے بھی کم قیمت پر فراہم کرنے کے اقدامات کو اجاگر کرنا تھا۔
سہولت بازار سے صرف تین ہزار روپے کی خریداری پر بذریعہ قرعہ اندازی لاکھوں روپے مالیت کے انعامات بھی دیے گئے۔ممبر قومی اسمبلی محمد خان ڈاہا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سہولت بازار عثمان بدر اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد حفیظ تقریب کے مہمانانِ خصوصی تھے۔اس موقع پر مقررین نے 6 ستمبر کے شہداء کو وطن عزیز کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں دینے پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فورسز اسکول کے ننھے منے بچوں نے شہداء کو سلامی پیش کی اور خوبصورت ٹیبلو بھی پیش کیا، جسے تقریب کے شرکاء نے بے حد سراہا۔حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق عوام کو معیاری روزمرہ استعمال کی اشیاء کنٹرول ریٹ پر فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔











