اسلام آباد، 08 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال کی زیرِ صدارت دانش اسکول اتھارٹی کی پہلی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منگل کو منعقد ہوا، جس میں اتھارٹی کی تنظیمِ نو، گورننس، انتظامی ڈھانچے، انسانی وسائل (HR) اور مالی پائیداری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران اساتذہ کی تربیت، عملے کی ضرورت اور تعلیمی اصلاحات پر مؤثر عملدرآمد کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے ہدایت کی کہ اساتذہ کی نئی بھرتیاں طلبہ اور اساتذہ کے مناسب تناسب کو مدِنظر رکھتے ہوئے کی جائیں تاکہ تعلیمی معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دانش اسکول کا قیام وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پسماندہ علاقوں کے غریب اور مستحق بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کا ایک اہم منصوبہ ہے، جس کا بنیادی مقصد ان علاقوں کے بچوں کو مساوی تعلیمی مواقع فراہم کر کے ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی نصاب فریم ورک پر تمام سیاسی جماعتوں، اراکینِ صوبائی اسمبلی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کا اتفاقِ رائے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قومی نصاب فریم ورک کے تفصیلی جائزے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی جائے تاکہ مستقبل میں اس حوالے سے کسی بھی قسم کے مسائل یا خدشات کا سدِ باب کیا جا سکے۔











