لاہور،08 ستمبر( اے پی پی ): صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں دھی رانی پروگرام، ہمت کارڈ اور اسسٹیو ڈیوائسز و وہیل چیئر پروگرامز کے حوالے سے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران دھی رانی پروگرام کے تحت رواں سال پانچ ہزار اجتماعی شادیوں کے لیے درخواستوں کی تصدیق، مستحقین کے انتخاب، تقریبات کے انعقاد اور انتظامات کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے ہدایت کی کہ دھی رانی پروگرام کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں کی ویریفیکیشن مکمل طور پر میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کی جائے تاکہ حقیقی مستحق خاندان اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں۔
صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ دھی رانی پروگرام کے مستحقین کے پنجاب بینک کے ذریعے اے ٹی ایم کارڈز بروقت تیار کروائے جائیں تاکہ انہیں کیش سلامی کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ موبائل ایپ پر موصول ہونے والی درخواستوں کی روشنی میں شفاف اور میرٹ پر مبنی طریقہ کار کے تحت دھی رانی پروگرام کی آئندہ تقریبات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں ہمت کارڈ کے بجٹ اور پروگرام سے متعلق دیگر امور بھی زیر بحث آئے۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ افراد باہم معذوری کو ہمت کارڈ کے حصول اور اس سے متعلق سہولیات کے دوران درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور مستحقین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔
اجلاس میں اسسٹیو ڈیوائسز اور وہیل چیئر پروگرامز کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
سہیل شوکت بٹ نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے ڈویژنل ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ رواں سال کے آئندہ مہینوں میں منعقد ہونے والے دھی رانی پروگرامز کے لیے انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور پروگرامز کے انعقاد کے لیے ضروری سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب عوامی فلاح و بہبود کے پروگرامز کو شفاف، میرٹ پر مبنی اور مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور مستحق افراد تک فلاحی خدمات کی بروقت فراہمی محکمے کی اولین ترجیح ہے۔











