وفاقی بورڈ کے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان

2

اسلام آباد،09  ستمبر (اے پی پی): وفاقی بورڈ برائے انٹرمیڈیٹ و ثانوی تعلیم (FBISE)

اسلام آباد نے ہائر سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (HSSC) پارٹ اوّل اور پارٹ دوم کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر اسلام آباد میں پروقار تقریب منعقد ہوئی جس  میں وفاقی وزیرِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں چیئرمین وفاقی بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک، اعلیٰ حکام، تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ، والدین، طلبہ و طالبات اور پوزیشن ہولڈرز شریک ہوئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے سالانہ امتحانات میں کامیاب ہونے والے تمام طلبہ و طالبات کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہونہار اور باصلاحیت نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اور ان کی کامیابیاں والدین، اساتذہ اور پورے ملک کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز کی کامیابی محنت، عزم، نظم و ضبط اور مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے، تاہم یہ کامیابی ان کے لیے ایک نئے سفر کا آغاز بھی ہے۔ طلبہ مستقبل میں بھی اسی جذبے اور محنت کے ساتھ تعلیم اور عملی زندگی میں آگے بڑھیں۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ موجودہ دور میں تعلیم کے ساتھ ہنر، جدید ٹیکنالوجی، تحقیق، تخلیقی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارتوں کا حصول بھی انتہائی اہم ہے۔ تعلیم یافتہ اور ہنرمند نوجوان پاکستان کو معاشی، سماجی اور علمی میدان میں آگے لے جانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے علم اور صلاحیتوں کو ذاتی کامیابی کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کی خدمت کے لیے بھی استعمال کریں۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیم، تحقیق، سائنس و ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے حصول پر توجہ دینے کی تلقین کی۔

انہوں نے اساتذہ اور والدین کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کی کامیابی کے پیچھے والدین کی قربانیاں، حوصلہ افزائی اور اساتذہ کی مسلسل رہنمائی شامل ہوتی ہے۔ انہوں نے کامیاب طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔

وفاقی وزیر نے چیئرمین وفاقی بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک اور ان کی ٹیم کی جانب سے امتحانات، انسپیکشن اور مارکرز کے انتخاب میں شفافیت کو یقینی بنانے کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شفاف اور منصفانہ امتحانی نظام طلبہ کے اعتماد اور تعلیمی معیار کے لیے ناگزیر ہے۔

چیئرمین وفاقی بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک نے وفاقی وزیرِ تعلیم کو امتحانی نظام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے امتحانات کے انعقاد، امتحانی مراکز کے انتظامات، انسپیکشن، پرچوں کی جانچ اور مارکرز کے انتخاب سمیت مختلف مراحل سے آگاہ کیا۔

چیئرمین وفاقی بورڈ نے کہا کہ امتحانی عمل کو شفاف، منصفانہ اور میرٹ پر مبنی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔ طلبہ کی محنت اور تعلیمی کارکردگی کو منصفانہ انداز میں جانچنا وفاقی بورڈ کی بنیادی ذمہ داری ہے اور امتحانی نظام کے ہر مرحلے میں شفافیت کو ترجیح دی گئی ہے۔

انہوں نے سالانہ امتحانات میں کامیاب ہونے والے تمام طلبہ و طالبات، بالخصوص پوزیشن ہولڈرز، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔

وفاقی بورڈ کے نتائج کا اعلان کامیاب طلبہ و طالبات کے لیے اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ زندگی کے نئے مواقع کا آغاز ہے۔ وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید مہارتوں اور بہتر تعلیمی مواقع کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔