وزیر خزانہ کی زیر صدارت Access to Finance اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس

0

اسلام آباد،09  ستمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت Access to Finance اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ایس ایم ایز، زراعت، آئی ٹی، برآمدات، قابلِ تجدید توانائی اور ہاؤسنگ سمیت ترجیحی شعبوں میں مالی سہولیات کی فراہمی پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے اقدامات کو مزید نتیجہ خیز اور عملدرآمد پر مرکوز بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے منظور شدہ مالی سہولیات کو عملی طور پر قرضوں اور سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیا۔

اجلاس میں ایس ایم ایز اور زرعی شعبے کے لیے فنانسنگ، کسانوں کو بغیر ضمانت قرضوں کی فراہمی، ہاؤسنگ فنانس اور الیکٹرک گاڑیوں کے لیے مالی سہولت کے پروگرامز کا جائزہ لیا گیا۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے مالی وسائل تک آسان رسائی، کاروباری اداروں کی استعداد بہتر بنانے اور رسمی مالی نظام تک رسائی میں توسیع کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ ذیلی کمیٹیوں کو اقدامات پر تیزی سے پیش رفت جاری رکھنے کی ہدایت کی۔