اسلام آباد، 09 ستمبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سینیٹر احد چیمہ اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے حکام کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں مین لائن ون (ایم ایل ون) ریلوے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں منصوبے کے ڈیزائن کی بروقت تکمیل اور اس کے بعد کے تیاری کے مراحل پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔
اے ڈی بی نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ اس کی تکنیکی ٹیم اور منصوبے کے کنسلٹنٹس ایم ایل ون پر سرگرمی سے کام کر رہے ہیں اور منصوبے کے ڈیزائن کو اکتوبر کے اندر حتمی شکل دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ اے ڈی بی کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ منصوبے کا ڈیزائن حتمی ہونے کے بعد حکومت کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون سے پروکیورمنٹ اور اس کے بعد کے دیگر مراحل کو بروقت آگے بڑھانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔
سینیٹر احد چیمہ نے اے ڈی بی اور اس کی تکنیکی ٹیموں کی جانب سے ہونے والی پیش رفت کو سراہا اور جاری کام کی بروقت تکمیل کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان قریبی رابطے اور مؤثر تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ایم ایل ون منصوبے کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ منصوبہ جلد از جلد عملی مرحلے کی جانب بڑھے۔ انہوں نے اے ڈی بی کے وفد کو یقین دلایا کہ حکومتِ پاکستان اپنی جانب سے تمام ضروری تقاضوں کو بروقت پورا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور منصوبے کے تمام مراحل میں ضروری سہولت اور تعاون فراہم کرے گی۔
وفاقی وزیر نے منصوبے کے عملی شیڈول کا مسلسل جائزہ لینے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ جہاں ممکن ہو، تمام تکنیکی، قانونی اور ضابطہ جاتی تقاضوں کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے منصوبے کی مدت کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جا سکے۔
اے ڈی بی کے نمائندوں نے منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے حکومتِ پاکستان کے عزم اور کوششوں کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ایشیائی ترقیاتی بینک منصوبے پر بروقت پیش رفت یقینی بنانے کے لیے حکومت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبے کے آئندہ مراحل اور منظوریوں سے متعلق ضروری تقاضے، بشمول اے ڈی بی بورڈ میں غور کے لیے درکار امور، حکومتِ پاکستان کے ساتھ بروقت شیئر کیے جائیں گے۔
اجلاس میں اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین، ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر، سیکرٹری ریلویز مظہر علی شاہ، سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم، وزارتِ ریلویز کے ڈائریکٹر جنرل پلاننگ اور متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔
ملاقات میں ایم ایل ون منصوبے کے ڈیزائن کو بروقت حتمی شکل دینے اور منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی جانب مسلسل پیش رفت کے لیے حکومتِ پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔











