اسلام آباد، 10 ستمبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر مملکت برائے خزانہ و ریونیو و ریلوے بلال اظہر کیانی سے گیٹس فاؤنڈیشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے ڈیجیٹل تبدیلی کے ایجنڈے اور وسیع تر اقتصادی اصلاحات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وفد میں گیٹس فاؤنڈیشن کی جینڈر ایکویلیٹی ڈویژن کی صدر ڈاکٹر انیتا زیدی، گلوبل پالیسی اینڈ ایڈووکیسی ڈویژن کی عبوری صدر ڈاکٹر کلپنا کوچر اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔
ملاقات کے دوران بلال اظہر کیانی نے حکومت کے وسیع تر اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے، معیشت کو دستاویزی اور رسمی بنانے کی کوششوں اور چھوٹے تاجروں کے لیے متعارف کرائی گئی ’’آسان ٹیکس اسکیم‘‘ سے وفد کو آگاہ کیا۔
گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد نے پاکستان کی اقتصادی اصلاحات اور ترقیاتی ایجنڈے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں کارانداز کے ذریعے جاری شراکت داری اور مستقبل میں ترقیاتی ایجنڈے کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔











