نوجوانوں اور ایس ایم ایز کو مالی و کاروباری سہولیات کی فراہمی میں اہم پیش رفت ہو رہی ہے: ہارون اختر خان

2

اسلام آباد، 10 ستمبر(اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر و وفاقی وزیر صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت، قیادت اور وژن کے تحت نوجوانوں اور ایس ایم ایز کو کاروباری و مالی سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم پیش رفت ہو رہی ہے، نوجوان کاروباری افراد کی معاونت سے کاروباری سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا۔

اسلام آباد میں سمیڈا اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کا مقصد نوجوان کاروباری افراد اور ایم ایس ایم ایز تک مالی و کاروباری سہولیات کی رسائی بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کے تحت وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم سے متعلق آگاہی اور رسائی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، سمیڈا آگاہی مہمات اور تربیتی پروگرامز کا انعقاد کرے گا۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ نوجوانوں اور ایم ایس ایم ایز کو قرض کے حصول کے لیے اہلیت، دستاویزات اور درخواست جمع کرانے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا، جبکہ مالی خواندگی کے فروغ اور رسمی مالیاتی ذرائع تک رسائی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام اور سمیڈا مل کر پسماندہ علاقوں اور خواتین کاروباری افراد تک مالی سہولیات کی رسائی بڑھائیں گے، سمیڈا نوجوان کاروباری افراد کو بزنس پلان، پری فیزیبلٹی اسٹڈیز، مالیاتی ٹولز اور دیگر کاروباری رہنمائی فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام سمیڈا کے کاروباری وسائل اور تربیتی مواد کو ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے نوجوانوں تک پہنچائے گا، جبکہ سمیڈا کے صوبائی و علاقائی دفاتر اور ہیلپ ڈیسک وزیراعظم یوتھ لون اسکیم کے فروغ اور رہنمائی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت اور وژن کے مطابق نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے اور موجودہ کاروبار کو وسعت دینے کے لیے ضروری معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ دونوں اداروں کے درمیان رابطے اور عملدرآمد کی نگرانی کے لیے فوکل ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی اور سہ ماہی جائزہ اجلاس منعقد ہوں گے۔