پولیو کے خاتمے اور صحت کیلئے گیٹس فاؤنڈیشن کا کردار قابلِ قدر ہے، وزیراعظم

4

اسلام آباد،10ستمبر(اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گیٹس فائونڈیشن نے پولیو کے خاتمے، صحت، غذائیت، مالیاتی شمولیت اور معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے قابل قدر کردار ادا کیا ہے،حکومت اور گیٹس فائونڈیشن کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ڈیجیٹل ادائیگیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جمعرات کو   گیٹس فائونڈیشن کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات  کی ۔ وفد میں گیٹس فائونڈیشن کی نمائندگان کلپنا کوچر اور انیتا زیدی شامل تھیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے  ترقیاتی چیلنجز کے دوران گیٹس فائونڈیشن کی مسلسل معاونت اور شراکت داری کو سراہا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے پرعزم ہے، پولیو کے خاتمے کے قومی پروگرام کو اعلیٰ ترین سطح پر سرپرستی حاصل ہے، گیٹس فائونڈیشن نے پولیو کے خاتمے، صحت، غذائیت، مالیاتی شمولیت اور معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں، غذائی تحفظ، زچہ و نوزائیدہ صحت، غربت کا خاتمہ اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم اصلاحاتی ترجیحات، گورننس ریفارمز ایجنڈا کا حصہ ہیں۔کیش لیس اکانومی پاکستان حکومت کے تبدیلی کے ایجنڈے کا بنیادی حصہ ہے،کیش لیس پاکستان کا مقصد عام شہریوں کی زندگی آسان بنانا، حکومتی نظام میں شفافیت بڑھانا اور سرکاری رقوم کو بغیر کسی تاخیر یا ضیاع کے مستحقین تک پہنچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور گیٹس فائونڈیشن کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ڈیجیٹل ادائیگیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، مستحق خواتین کو اپنی مالی معاونت براہ راست، محفوظ اور باوقار انداز میں ملنی چاہیے۔ وزیراعظم نے گیٹس فائونڈیشن کے ساتھ مل کر خواتین کی مالیاتی شمولیت اور معاشی خودمختاری کے لیے مرکوز اقدامات پر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات میں پاکستان اور گیٹس فائونڈیشن کے درمیان تعاون اور شراکت داری کو مزید موثر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔