اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ پر غیر قانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف سی ڈی اے کا بلا تفریق آپریشن

6

اسلام آباد، 11 ستمبر (اے پی پی): کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے بلڈنگ کنٹرول اینڈ ہاؤسنگ ونگ نے اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ پر غیر قانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف بلا تفریق آپریشن کرتے ہوئے بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی، نان کنفرمنگ یوز اور فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات کے باعث متعدد عمارتوں کو سیل کر دیا ہے۔

سی ڈی اے کے مطابق آپریشن سے قبل تمام متعلقہ عمارتوں کے مالکان اور قابضین کو قانونی نوٹسز جاری کیے گئے تھے، اور نوٹسز میں دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد ہی یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ابتدائی جائزے کے مطابق سیل کی جانے والی عمارتوں میں سی ڈی اے سے منظور شدہ بلڈنگ پلان کی عدم موجودگی، باقاعدہ رجسٹریشن اور ریگولرائزیشن کے تقاضوں کی عدم تعمیل، اور فائر سیفٹی سرٹیفیکیشن کا نہ ہونا شامل ہے۔

ترجمان سی ڈی اے کے مطابق فیض آباد تا کورال تقریباً 9.3 کلومیٹر طویل دو طرفہ، تین رویہ سروس روڈ ایسٹ کے منصوبے کا مقصد شہر میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانا، شہریوں کو محفوظ و باوقار سفری سہولیات کی فراہمی اور دارالحکومت کے بنیادی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات اور نان کنفرمنگ یوز کی وجہ سے نہ صرف سرکاری خزانے کو منظوری و ریگولرائزیشن فیسوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں مالی نقصان پہنچتا ہے، بلکہ فائر سیفٹی کے نامکمل انتظامات شہریوں کی جان و مال کے لیے بھی سنگین خطرہ کا باعث بنتے ہیں۔

سی ڈی اے کی جانب سے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ دارالحکومت میں غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات اور بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی، کیونکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور اسلام آباد کے منظم و محفوظ شہری ماحول کو یقینی بنانا اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔