ہانگ کانگ، 11 ستمبر)اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو جان لی کا چیو سے اعلیٰ سطحی ملاقات کی، جس میں باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقات میں ہانگ کانگ کے سیکرٹری تجارت و اقتصادی ترقی الجر نن یاؤ اور پاکستانی قونصل جنرل ریاض احمد شیخ بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان نئے شعبوں میں اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو نے بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کے مؤثر خطاب کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
جام کمال خان نے خدمات، مالیات، ہوا بازی اور بزنس ٹو بزنس روابط میں تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہتر فضائی روابط سے تجارت، سیاحت اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کیتھے پیسیفک کی پاکستان کے لیے پروازیں بحال کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔
وفاقی وزیر تجارت نے ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو جان لی کا چیو کو دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ بعد ازاں جام کمال خان نے ہانگ کانگ کے سیکرٹری تجارت و اقتصادی ترقی الجر نن یاؤ سے بھی الگ ملاقات کی، جس میں کاروباری وفود، مالیات، خدمات اور فضائی روابط میں ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔











