قصور: وزیر قانون پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کا جائزہ

3

قصور، 12 ستمبر (اے پی پی): وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع قصور کی مجموعی صورتحال، امن و امان، ترقیاتی منصوبوں، صفائی، نکاسی آب، صحت اور تعلیم سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خان اور چیئرمین مانیٹرنگ کمیٹی وزیراعلیٰ پنجاب حاجی نعیم صفدر انصاری نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی خدمت کے وژن کے مطابق اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں جبکہ تمام محکمے طے شدہ اہداف مکمل کرکے آئندہ اجلاس میں جامع پیش رفت رپورٹ پیش کریں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی اور نکاسی آب کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات، ڈاکٹرز اور طبی عملے کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ضلعی اداروں کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے۔

ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو بروقت اور بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔