اسلام آباد، 14 ستمبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت انسداد ایچ آئی وی/ایڈز کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں ایچ آئی وی کی موجودہ صورتحال، پروگرام پر عملدرآمد اور نگرانی کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کامن مینجمنٹ یونٹ کے سربراہ میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی، چاروں صوبوں کے سیکرٹریز ہیلتھ، ہیلتھ کیئر کمیشنز کے نمائندوں اور یو این ڈی پی کے حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر پنجاب اور سندھ ہیلتھ کیئر کمیشنز نے انسداد ایچ آئی وی/ایڈز کے حوالے سے جاری پیش رفت اور اقدامات پر بریفنگ دی، جبکہ یو این ڈی پی کی جانب سے آگاہی مہمات سے متعلق فورم کو آگاہ کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایچ آئی وی کے خاتمے کے لیے علاج کے ساتھ ساتھ پریوینٹیو ہیلتھ اور مؤثر آگاہی پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ وزارتِ تعلیم کے تعاون سے انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول اور عطائیت کے خاتمے کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائے، جبکہ بیماری کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مؤثر رابطہ استوار کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ عوام اپنے مسائل اور معلومات کے لیے قومی صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر کال کر کے ایچ آئی وی سے متعلق علاج اور معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
اجلاس کے دوران کامن مینجمنٹ یونٹ کے سربراہ میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی نے تمام ہیلتھ کیئر کمیشنز کو فیلڈ میں معائنہ اور نگرانی کا مؤثر نظام قائم کرنے اور ایچ آئی وی/ایڈز کے خاتمے کے لیے کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔











