اسلام آباد ،15 ستمبر ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیراعظم کو حالیہ مون سون سیزن میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لئے پیشگی انتظامات پر بریف کیا۔
وزیراعظم نے بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے بارشوں کے دوران رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے اور امدادی سامان کی ترسیل کے حوالے سے متعلقہ محکموں کے ساتھ روابط بڑھانے سمیت این ڈی ایم اے کو متعلقہ صوبائی اداروں اور پی ڈی ایم ایز کے ساتھ موثر رابطہ رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت کردہ پیشگی انتظامات کے باعث متعلقہ ادارے اس مون سون سیزن کی موثر اقدامات کے ساتھ بہتر انداز میں نگرانی کر سکے ۔
چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے وزیراعظم کو جاری مون سون سیزن کے متوقع رجحان اور صوبوں اور اداروں کے باہمی تعاون سے جاری مجموعی انتظامات کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک کے طول و عرض میں کسی بھی ہنگامی موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے ریسکیو اور ریلیف کے لئے تیار ہیں ۔











