وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کا آغاز، اسلام آباد میں سستے پیٹرول کی فراہمی شروع

9

اسلام آباد، 15 اگست(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ  نے رات گئے اسلام آباد کے مختلف پیٹرول پمپس کا سرپرائز دورہ کیا، اس موقع پر سیکرٹری آئی ٹی اور اسلام آباد انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وفاقی وزیر نے پیٹرول پمپس پر شہریوں سے رجسٹریشن اور فیول ریلیف کے حصول کے حوالے سے پیش آنے والے مسائل دریافت کیے اور انہیں درست رجسٹریشن کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ کامیاب رجسٹریشن کے لیے فراہم کردہ طریقہ کار پر مکمل طور پر عمل کریں، اور رجسٹریشن کا عمل صرف ایک بار کیا جائے کیونکہ اسے بار بار دہرانے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ پیٹرول پمپ آنے سے پہلے TOK لکھ کر 9771 پر پیغام بھیج کر اپنا ٹوکن جنریٹ کریں اور پھر پیٹرول پمپ پر ٹوکن دکھا کر رعایتی پیٹرول حاصل کریں۔

وفاقی وزیر نے انتظامیہ کو تمام اہل اور رجسٹرڈ شہریوں کو فیول ریلیف کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی، جبکہ پمپس پر رعایتی پیٹرول کی فراہمی میں ٹال مٹول یا انکار کرنے والے عناصر کے خلاف سخت مانیٹرنگ کا بھی حکم دیا۔

رعایتی پیٹرول کی فراہمی پر شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے اس اقدام پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔