اسلام آباد، 15 ستمبر(اے پی پی): کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ سیکرٹری تجارت جواد پال سمیت وزارت تجارت کے اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں شریک تھے۔
ملاقات میں سرمایہ کاری کے فروغ و تحفظ کے معاہدے (ایف آئی پی اے ) پر مذاکرات تیز کرنے اور آئندہ دور اکتوبر کے پہلے ہفتے میں منعقد کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ سرمایہ کاری معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کا خواہاں ہے اور سرمایہ کاروں کے جائز تحفظات دور کرکے سازگار کاروباری ماحول یقینی بنایا جائے گا۔
کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان نے کہا کہ FIPA معاہدہ کینیڈین سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس معاہدے سے قانونی تحفظ، ثالثی اور تنازعات کے حل کا مؤثر نظام میسر آئے گا، جبکہ پاکستان میں کینیڈین کمپنیوں اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ کے لیے بھی یہ ایک بنیادی قدم ثابت ہوگا۔
ملاقات کے دوران زراعت، کان کنی، صاف توانائی اور ہوا بازی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ کینیڈین کمپنیوں کی جانب سے پاکستان کے قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں دلچسپی اور آئندہ معدنیات سرمایہ کاری فورم میں کینیڈین کمپنیوں کے وفد کی شرکت کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ڈیری، حیوانی جینیات، خوردنی تیل، پھلوں کے جوس اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں میں تعاون کے مواقع کا جائزہ لیتے ہوئے پاکستان میں کینیڈین کینولا کی پروسیسنگ، برانڈنگ اور برآمدی پیداوار بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے تیسرے ممالک کو برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
ملاقات میں طیاروں کی لیزنگ، ایرو اسپیس اور فضائی رابطوں کے فروغ پر بھی گفتگو کی گئی، جبکہ پی آئی اے کی براہ راست ٹورنٹو پرواز کو پاکستان اور شمالی امریکا کے درمیان ایک اہم فضائی رابطہ قرار دیا گیا۔ جام کمال خان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا محل وقوع کینیڈین کمپنیوں کو چین، وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی بڑی منڈیوں تک رسائی فراہم کرتا ہے۔ اس پر کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ کینیڈا ایشیائی منڈیوں کے ساتھ اپنے تجارتی روابط کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
ملاقات کے آخر میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ کینیڈا میں مقیم تین لاکھ سے زائد پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ میں پل کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ دونوں ممالک نے کاروباری وفود کے تبادلوں اور قابلِ عمل تجارتی منصوبوں کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے کا عزم دہرایا، جبکہ وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو آئندہ مذاکرات سے قبل جامع تیاری اور مشاورت کی ہدایت بھی جاری کی۔











