اسلام آباد، 16 ستمبر (اے پی پی): ملائیشیا کے قومی دن کی مناسبت سے بدھ کو یہاں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ،جس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ تقریب میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر، سفارتکاروں اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملائیشیا کے ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا پاکستان کے ساتھ تجارت، سیاحت اور تعلیم کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید تقویت دینے کا خواہاں ہے۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے ملائیشیا کی حکومت اور عوام کو قومی دن پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاه سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان زرعی شعبے، فوڈ پروسیسنگ اور تجارتی تبادلے کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے مشترکہ فائدے کے لیے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے۔











