حکومت آسان ٹیکس سکیم کی رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنے کے لیے دکانداروں کی دہلیز اور مارکیٹوں تک پہنچے گی، بلال اظہر کیانی

5

اسلام آباد،17ستمبر  (اے پی پی): وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت آسان ٹیکس سکیم کی رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنے کے لیے دکانداروں کی دہلیز اور مارکیٹوں تک پہنچے گی، تاجر برادری کے تعاون سے سکیم کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔

وزیر مملکت نے آج سپر مارکیٹ اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ تاجر رہنما اجمل بلوچ بھی تھے۔ اس موقع پر انہوں نے آسان ٹیکس سکیم کے تحت ریٹیلرز کی رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لیا اور میڈیا سے گفتگو بھی کی۔انہوں نے کہا کہ آسان ٹیکس سکیم دکانداروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت اور تاجر برادری کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے۔ سکیم کے تحت رجسٹریشن کا طریقہ کار آسان رکھا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ دکاندار اس میں شامل ہو سکیں۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ آسان ٹیکس سکیم کے لیے ایپ اور ویب پر مبنی سہولت فراہم کی گئی ہے، جبکہ آئی آر آئی ایس پورٹل کے ذریعے لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر اور موبائل فون، آئی او ایس یا اینڈرائیڈ کے ذریعے بھی رجسٹریشن کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سکیم میں سادہ اردو فارم، آسان شرائط اور قابلِ فہم طریقہ کار متعارف کرایا گیا ہے تاکہ دکانداروں کے لیے رجسٹریشن کا عمل سہل ہو۔

وزیر مملکت نے تاجر برادری کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاجروں نے حکومت کے ساتھ مل کر اس سکیم کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کیا اور اب بھی حکومت کے ساتھ مل کر دکانداروں کو اس سہولت سے آگاہ کرنے اور انہیں نظام کا حصہ بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور تاجروں کی مشترکہ کوششوں کا مقصد زیادہ سے زیادہ دکانداروں کو آسان طریقے سے ٹیکس نظام میں شامل کرنا ہے، جس سے ایف بی آر، حکومت اور عوام سب کو فائدہ ہوگا۔بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت اب مختلف مارکیٹوں کا دورہ کرے گی تاکہ دکانداروں کو آسان ٹیکس سکیم کے بارے میں آگاہی دی جا سکے اور رجسٹریشن کے عمل کو مزید تیز کیا جا سکے۔ ایف بی آر اور تاجر برادری اس مقصد کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔