اسلام آباد، 18 ستمبر(اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں ‘‘اربن فلڈ ریزیلینس میژرز، وژن 2027: بارشوں اور سیلاب سے آگے’’ کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا جس میں حکومت کے مختلف محکموں، ترقیاتی اداروں، شہری منصوبہ سازوں، پانی کے انتظام سے متعلق ماہرین اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
این ڈی ایم اے نے پاکستان کے شہری علاقوں کو اربن فلڈنگ کے خطرات سے محفوظ بنانے اور جون 2027 تک شہری سیلاب سے نمٹنے کے لیے لچکدار نظام کی تیاری کا منصوبہ مرتب کرلیا۔ سیمینار میں 2025-26 کے دوران شہری علاقوں میں آنے والے سیلاب، سیلاب سے متاثرہ علاقوں، کمزور انفراسٹرکچر، نکاسی آب کی استعداد، بارشی پانی کے انتظام اور ادارہ جاتی رابطہ کاری کا جائزہ لیا گیا۔
شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ شہری سیلاب سے نمٹنے کے لیے بارش کے انتظام کے ساتھ نکاسی آب کی استعداد، شہری ترقی، انفراسٹرکچر کی دیکھ بھال، بارشی پانی کے مؤثر انتظام اور مربوط ہنگامی تیاریوں پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔
اجلاس میں موجودہ نکاسی آب کے نظام کی حالت و استعداد، بارشی پانی کے بہاؤ، پانی ذخیرہ کرنے اور پمپنگ کے انتظامات، نکاسی آب کے انفراسٹرکچر کی بہتری اور قدرتی نکاسی آب کے راستوں کی بحالی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
شرکاء نے جون 2027 تک مکمل کیے جانے والے ترجیحی اقدامات کی بھی نشاندہی کی جن میں نکاسی آب کے نظام کی بہتر دیکھ بھال و تیاری، بارشی پانی کے انتظام اور نکاسی آب کی استعداد میں اضافہ، قدرتی آبی گزرگاہوں کا تحفظ اور شہری منصوبہ بندی و ترقی میں سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات کو شامل کرنا شامل ہے۔
سیمینار میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، واسا، راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے)، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) اور دیگر ترقیاتی اداروں و شراکت دار تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی اور ادارہ جاتی ذمہ داریوں اور مربوط اقدامات کے شعبوں کی نشاندہی کی۔
اختتامی کلمات میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے شہری سیلاب سے نمٹنے کے لیے فعال اور مربوط حکمت عملی اپنانے، تیاری، مضبوط انفراسٹرکچر، ادارہ جاتی ذمہ داری اور بروقت اقدامات پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ بارش اور سیلاب کے بعد ردعمل تک محدود رہنے کے بجائے شہری مراکز کو مزید مضبوط اور محفوظ بنانے کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
سیمینار میں وژن 2027 کے تحت مربوط اقدامات اور عملی پیش رفت جاری رکھنے پر زور دیا گیا تاکہ شہری علاقوں میں بار بار آنے والے سیلاب کے خطرات میں کمی لائی جا سکے۔











