پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا “عرب نیوز” کو خصوصی انٹرویو،سعودی عرب پر حوثی حملوں کے بعد پاکستان کا واضح موقف

4

راولپنڈی، 18 ستمبر (اے پی پی): سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے حملوں کے بعد پاکستان اور پاک فوج کا دو ٹوک اور واضح موقف سامنے آ گیا۔

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے “عرب نیوز” کو خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان عملی طور پر سعودی عرب کی مدد کے لیے وہاں موجود ہے اور سفارتی محاذ پر بھی سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہم حرمین شریفین اور سعودی عرب کی حفاظت کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔سعودی عرب کو دفاع کے لیے جس قسم کی بھی مدد درکار ہوگی، پاکستان فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔- پاکستانی عوام اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اس میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم سعودی عرب کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور دفاع کرتے رہیں گے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت مسلسل سعودی قیادت سے رابطے میں ہے۔ پاکستان خطے کے ممالک اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس پیچیدہ صورتحال کا پرامن اور مذاکراتی حل تلاش کر رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے اور اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کے تحت کیے گئے تمام وعدوں کی پاسداری جاری رکھی ہوئی ہے، اور پاکستان کا موقف ہے کہ مسائل کا حل صرف بات چیت اور سفارت کاری سے ہی ممکن ہے۔