وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 کا افتتاح، ملکی و غیر ملکی آٹو کمپنیوں کی بھرپور شرکت

1

لاہور، 18 ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایکسپو سنٹر میں تین روزہ ’’پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026‘‘ کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے آٹو موبائل انڈسٹری سے وابستہ صنعتکاروں، ماہرین اور مختلف کمپنیوں کے نمائندگان سے ملاقات کی اور قومی معاشی ترقی میں ان کی خدمات کو سراہا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی آٹو موٹیو صنعت صنعتی ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ پنجاب حکومت مقامی پیداوار، سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور جدت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 کاروباری روابط، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے مؤثر ثابت ہوگا۔

آٹو موبائل انڈسٹری سے وابستہ ماہرین نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کو قابلِ تقلید قرار دیا، جبکہ الیکٹرک وہیکل انڈسٹری کے نمائندگان اور انتظامی افسران نے گرین ٹیکسی اور وزیراعلیٰ بائیک سکیم کو سراہا۔ ای وی انڈسٹری کے نمائندگان نے گرین ٹیکسی اور بائیک سکیم کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا اہم اقدام قرار دیا۔

ٹریکٹر ساز صنعت کے نمائندگان اور مالکان نے وزیراعلیٰ گرین ٹریکٹر سکیم کے اجرا کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سکیم سے مقامی ٹریکٹر سازی کی صنعت کو فروغ ملا ہے اور ٹریکٹر سازی کی صنعت کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں مدد ملی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو کے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور الیکٹرک گاڑیوں، جدید ترین کاروں، بائیکس اور جنریٹرز کا جائزہ لیا۔ انہوں نے الیکٹرک ایمبولینس میں بھی خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے سوزوکی کمپنی کے بائیو گیس ماڈل کا معائنہ کیا جبکہ ہونڈا، سوزوکی اور دیگر سٹالز پر غیر ملکی ماہرین سے بات چیت کرکے مختلف مصنوعات اور ٹیکنالوجی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

مریم نواز شریف نے ’’میڈ ان پاکستان‘‘ مصنوعات کے معیار کو سراہا۔ PAAPAM

کے چیئرمین عثمان اسلم ملک، چیف آرگنائزر سید نبیل ہاشمی اور دیگر عہدیداران نے وزیراعلیٰ کو آٹو شو کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ایکسپو سنٹر کے ہال نمبر 4 میں جاری پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 میں ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کی بھرپور شرکت ہے۔ آٹو شو میں 150 نمائش کنندگان شریک ہیں، جن میں 44 بین الاقوامی اور 43 مقامی نمائش کنندگان شامل ہیں۔ سوزوکی، کیا، جی اے سی، چیری، سازگار، بی وائی ڈی، جی ٹور، ہنڈائی اور ہونڈا سمیت نمایاں آٹو برانڈز نے اپنے سٹالز قائم کیے ہیں۔

آٹو شو میں کاروں، موٹر سائیکلوں، الیکٹرک اور سیمی الیکٹرک گاڑیوں سمیت مقامی آٹو پارٹس کو بھی نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔