پاکستان کا معاشی سفر استحکام سے معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے،سینیٹر محمد اورنگزیب

5

اسلام آباد ، 26 ستمبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کا معاشی سفر استحکام سے معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے اور معاشی استحکام کے بعد ترقی، برآمدات اور سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب سفر جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں جبکہ مالیاتی خسارہ کم ہو کر دو دہائیوں سے زائد عرصے کی کم ترین سطح پر آگیا ہے۔ محصولات میں اضافے اور اخراجات میں کمی سے مالیاتی نظم و ضبط میں بہتری آئی ہے جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ بھی طویل عرصے بعد سرپلس میں آیا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ترسیلات زر میں مسلسل بہتری کا رجحان برقرار ہے، آئی ٹی اور اشیاء کی برآمدات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ مالی سال مجموعی ملکی پیداوار میں شرح نمو بہتر رہی جبکہ رواں سال معاشی شرح نمو مزید بڑھنے کی توقع ہے۔ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں بھی نمایاں بحالی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ منافع میں اضافہ ہوا ہے اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں، خصوصاً نوجوانوں کی شرکت بڑھی ہے۔ ابتدائی عوامی پیشکشوں میں اضافہ کاروباری توسیع، نئے یونٹس کے قیام اور سرمایہ کاری کے اعتماد میں بہتری کی علامت ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں ٹیکس محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے میں ایف بی آر کا اہم کردار ہے۔ رواں سال اشیاء کی برآمدات میں مزید اضافے کی توقع ہے جبکہ پہلے دو ماہ کے دوران برآمدات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگست میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ معاشی استحکام غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بنیادی شرط ہے، مقامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ میں بہتری کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں کی آمد شروع ہوئی ہے۔ معاشی استحکام اور ترقی کا سفر سخت محنت اور مشکل فیصلوں سے حاصل کیا گیا ہے اور اسے برآمدات، سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کی جانب جاری رکھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حقائق، اعدادوشمار اور معاشی پیش رفت عوام کے سامنے رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان کی معاشی بحالی اور ترقی کا سفر اسی رفتار سے جاری رکھنا ہوگا۔