شہداء کسی ایک جماعت یا گروہ کے نہیں بلکہ پاکستان کے شہداء ہیں، محسن نقوی

8

اسلام آباد،21ستمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شہداء کسی ایک جماعت یا گروہ کے نہیں بلکہ پاکستان کے شہداء ہیں، سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن شہداء کے جنازوں میں شرکت نہ کرنا مناسب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی روز سے بلوچستان میں حالات سب کے سامنے ہیں، مساجد سمیت مختلف مقامات پر حملے ہوئے، کیپٹن، جوان اور پولیس اہلکار شہید ہوئے، ایسے حالات میں کسی ایک شہر پر دھاوا بولنے کی باتیں کرنا مناسب نہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ قیادت اور کمانڈرز سے کئی مرتبہ کہا گیا ہے کہ اس طرح کے احتجاج یا ڈراموں سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔

 انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں احتجاج کے بجائے واپسی کا راستہ اختیار کیا جائے، کیونکہ اس طرح کے اقدامات سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا۔

محسن نقوی نے کہا کہ اگر لانگ مارچ کے لیے لوگ آتے ہیں تو گزشتہ بات چیت کے مطابق ان کے لیے مناسب جگہ مختص کرنے یا انہیں روکنے کے حوالے سے طریقہ کار طے کیا جاسکتا ہے، تاہم سیکیورٹی ادارے لانگ مارچ نہیں چاہتے۔انہوں نے کہا کہ اگر اسلام آباد کی طرف مارچ کیا گیا تو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کر رہی اور عدالتی احکامات پر ہی عملدرآمد ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اپیل کی کہ موجودہ حالات میں ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جن سے خود احتجاج کرنے والوں اور ملک کو نقصان پہنچے۔