ملتان،21 ستمبر (اے پی پی) ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان نے شہر کے قبرستانوں میں شجرکاری کا فیصلہ کرتے ہوئے 4 ہزار سے زائد سایہ دار درخت لگانے کا منصوبہ شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں حسن پروانہ قبرستان میں 400 سایہ دار پودے لگا دیے گئے۔
اس موقع پر ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان سید وسیم حسن نے کہا کہ ہارٹی کلچر ایجنسی شہر میں شجرکاری کے لیے موزوں تمام مقامات پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ روڈ سائیڈز اور گرین بیلٹس کے ساتھ ساتھ قبرستانوں میں بھی شجرکاری کی جا رہی ہے تاکہ شہر کو مزید سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ قبرستانوں میں پلکن، ٹرمینیلیا، گاب اور دیگر سایہ دار درخت لگائے جا رہے ہیں۔ ہارٹی کلچر ایجنسی وزیراعلیٰ پنجاب کے گرین وژن پر عمل پیرا ہے اور ملتان کو سرسبز بنانے کے لیے پرعزم ہے۔











