دکانداروں کے لیے آسان ٹیکس سکیم کے حوالے سے جائزہ اجلاس، سکیم پر پیش رفت اور آگاہی مہم تیز کرنے کا جائزہ

5

اسلام آباد،22ستمبر(اے پی پی): وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت دکانداروں کے لیے آسان ٹیکس سکیم کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سکیم پر پیش رفت اور آگاہی مہم کو مزید تیز کرنے کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ تاجر نمائندوں کی مدد سے ہر دکاندار تک آسان ٹیکس سکیم کی معلومات پہنچائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے مطالبے پر عمل کرکے حکومت نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے، اب دکانداروں نے اپنی ہی تیار کردہ سکیم کو کامیاب بنانا ہے۔

اجلاس میں ملک بھر میں ٹیکس کمشنرز کو مقامی ٹیکس بارز سے رابطوں کی ہدایت کی گئی، جبکہ دکاندار اپنے اعتماد کے وکلا کے ذریعے بھی فارم بھر سکیں گے۔اجلاس میں ایف بی آر افسران اور تاجر نمائندوں کے متعلقہ علاقوں کے بازاروں میں مشترکہ دوروں اور رجسٹریشن کی حکمت عملی پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تاجر رہنماؤں کی جانب سے مشترکہ دوروں کے لیے مقامی تاجر نمائندوں کی فہرستیں موصول ہو گئی ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ دکانداروں کے پاس آسان ٹیکس سکیم کے تحت ٹیکس جمع کرانے یا معمول کے طریقہ کار کے مطابق گوشوارہ جمع کرانے کے دونوں آپشن موجود ہیں۔ دکاندار ٹرن اوور کی بنیاد پر فکسڈ ٹیکس ادا کر سکتے ہیں یا معمول کا گوشوارہ جمع کرا سکتے ہیں۔آسان ٹیکس سکیم کا بنیادی مقصد ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا اور دکانداروں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

اجلاس میں ممبر سٹرٹیجک ٹرانسفارمیشن ڈاکٹر حامد عتیق، ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشنز زبیر بلال، ایف بی آر کے اعلیٰ حکام اور ملک بھر کے چیف کمشنرز و کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔