وفاقی وزیر اطلاعات  کا دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ، امن رواداری اور قومی یکجہتی کے پیغام کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے، عطاء اللہ تارڑ

7

اکوڑہ خٹک (نوشہرہ)، 22ستمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے وزیراعظم کی ہدایت پر دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ کیا۔ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و خیبر پختونخوا امور اختیار ولی خان اور رکن صوبائی اسمبلی جلال خان وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔

 دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک آمد پر قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین، دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا راشد الحق حقانی، جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر مولانا عبدالحق ثانی، مولانا سید محمد یوسف شاہ اور دیگر اکابرین نے وفاقی وزیر اطلاعات کا استقبال کیا۔ اس موقع پر قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علما کرام بھی موجود تھے۔

 قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین اور علما  کرام سے ملاقات میں قیام امن اور مذہبی ہم آہنگی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔  ملاقات میں ملک میں امن و استحکام کے فروغ اور دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی ۔  وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ امن، رواداری اور قومی یکجہتی کے پیغام کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی قیام امن، مذہبی ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیہ کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات قومی پیغام امن کمیٹی کے ذریعے امن و استحکام کا پیغام عوام تک پہنچا رہی ہے۔

 اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین نے دارالعلوم حقانیہ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا جہاں انہیں دارالعلوم کے مہتمم کی جانب سے تعلیمی اور دینی خدمات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے دارالعلوم کے اندر تاریخی جامع مسجد عبدالحق کا بھی دورہ کیا۔ قومی پیغام امن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے علما کرام نے قیام امن اور قومی یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے امن کے فروغ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مشترکہ کاوشوں پر زور دیا۔

 وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین نے شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس ترنگزئی، مولانا حامد الحق حقانی اور مولانا سمیع الحق شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔