اسلام آباد، 22 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی امور کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ وزارتوں، محکموں اور ڈویژنز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مختلف قانونی و انتظامی امور پر تفصیلی غور و خوض کے بعد متعدد اہم ترامیم اور بلز کے مسودات کی منظوری دی گئی۔
کمیٹی نے پاکستان آئل رولز 2016 میں ترمیم کا مسودہ اور اوگرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 30 میں ترمیم کی منظوری دی، جس کے تحت اوگرا میں ممبر لا کی شمولیت کی راہ ہموار ہوگی۔ اس کے علاوہ پاکستان میرین اکیڈمی کو ڈگری ایوارڈنگ ادارہ بنانے کی تجویز، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرونکس آرڈیننس 1979 کی منسوخی کا مسودہ بل، اور وفاقی فلڈ کمیشن کی بحالی، تنظیم نو اور اصلاحات سے متعلق مسودہ بل 2026 کی بھی باضابطہ منظوری دے دی گئی۔











