اسلام آباد، 22 ستمبر (اے پی پی): وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے اسلام آباد کے مختلف پٹرول پمپس کا دورہ کیا۔
طلال چودھری نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ ریلیف اسکیم پر عملدرآمد اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ اسلام آباد کے 147 پٹرول پمپس پر وزیراعظم کی ریلیف اسکیم کی سہولت دستیاب ہے، ریلیف اسکیم سے اسلام آباد میں صرف ایک ہفتے کے دوران ایک لاکھ 50 ہزار موٹر سائیکل سوار اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان مستفید ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے تمام متعلقہ پٹرول پمپس پر فسیلیٹیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، وزیراعظم کی ریلیف اسکیم کے تحت مستحق شہریوں کو پٹرول کے حصول میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔











