وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر کینیا کے صدر ولیم روٹو سے ملاقات

7

نیویارک، 22 ستمبر ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ  جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی حصے کے موقع پر کینیا کے صدر ولیم روٹو سے ملاقات کی۔

وزیراعظم اور صدر روٹو نے پاکستان اور کینیا کے باہمی تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور تعلقات کے مثبت سمت میں آگے بڑھنے پر اظہار اطمینان کیا۔

 دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کینیا کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، دفاعی، تعلیمی اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اقتصادی شعبے میں وزیراعظم نے دونوں ممالک کی باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے وسیع امکانات سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے بالخصوص دواسازی، ٹیکسٹائل، جراحی کے آلات، زراعت اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط اور باہمی تعاون بڑھانے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کینیا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مشرقی افریقی برادری (EAC) کے ساتھ پاکستان کے روابط اور تعاون کو مزید فروغ دینے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔

 ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی امور، بشمول پائیدار ترقی اور عالمی امن و سلامتی، پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر ولیم روٹو نے مغربی ایشیا اور خلیجی خطے میں حالیہ بحران کے دوران پاکستان کے مصالحتی کردار کو سراہا۔

اعلیٰ سطحی روابط کے باقاعدہ تسلسل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، دونوں جانب سے دوطرفہ تعاون کے موجودہ ادارہ جاتی طریقہ کار، بشمول دوطرفہ سیاسی مشاورت اور مشترکہ وزارتی کمیشن، کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کینیا کی عوام کے لئے ترقی اور خوشحالی کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور کینیا کے تعلقات مزید مضبوط اور بامعنی بنیادوں پر فروغ پاتے رہیں گے۔