وزیرِ خزانہ کی نیویارک میں بوئنگ گلوبل کے صدر سے ملاقات، پی آئی اے کے فضائی بیڑے کی جدیدکاری اور ایوی ایشن کے شعبے میں تعاون پر گفتگو

3

نیویارک، 23ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے 81ویں اجلاسِ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے اپنے دورۂ نیویارک کے دوران بوئنگ گلوبل کے صدر ڈاکٹر برینڈن نیلسن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پی آئی اے کے فضائی بیڑے کی جدیدکاری اور پاکستان کے ایوی ایشن کے شعبے میں وسیع تر تعاون پر گفتگو ہوئی۔

وزیرِ خزانہ نے بوئنگ کی جانب سے پی آئی اے کو نئے طیاروں کی خریداری کے لیے نظرثانی شدہ تجویز پیش کرنے کی تصدیق کا خیرمقدم کیا، جبکہ طیاروں کی جلد ترسیل کے ممکنہ مواقع اور عبوری طور پر طیارے لیز پر لینے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک کی جانب سے مالی معاونت، انجنوں کی خریداری، اسپیئر پارٹس، دیکھ بھال اور گراؤنڈ کیے گئے طیاروں کی بحالی سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیرِ خزانہ نے پی آئی اے کی نجکاری اور بڑے ہوائی اڈوں کے انتظام کو آؤٹ سورس کرنے کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ایوی ایشن سیفٹی کی استعدادِ کار، ضابطہ جاتی امور میں تعاون اور امریکہ کے لیے براہِ راست پروازوں کی بحالی میں بوئنگ کی معاونت کو سراہا، جبکہ پاکستان میں ایوی ایشن کے شعبے کی طویل مدتی ترقی کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔