ملتان،23 ستمبر(اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں سے چیمبر آف کامرس کے نو منتخب عہدیداران نے ملاقات کی، جس میں ملتان کی ترقی، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران کمشنر عامر کریم خاں نے اس بات پر زور دیا کہ ملتان کی ترقی میں بزنس کمیونٹی اور مخیر حضرات کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کے تعاون سے شہر کی خوبصورتی، پارکس، گرین بیلٹس، صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ تعلیم اور صحت کے شعبوں کے منصوبوں کو مزید وسعت دی جائے گی۔
کمشنر نے مزید بتایا کہ مخیر حضرات کے تعاون سے ‘من و سلویٰ’ سمیت دیگر عوامی فلاحی منصوبے کامیابی کے ساتھ جاری ہیں اور ان کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی(سی ایس آر) کے تحت شہری فلاح و بہبود کے اقدامات میں بڑھ چڑھ کر عملی حصہ لیں۔
آخر میں عامر کریم خاں کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اور بزنس کمیونٹی کے باہمی اشتراک سے ملتان کی ترقی کا سفر مزید تیز کیا جائے گا، اور شہر کی بہتری اور شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔











