لودھراں،23 ستمبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ضلع میں صحت کی سہولیات اور سرکاری سکولوں میں تدریسی امور کا جائزہ لینے کے لیے مختلف اداروں کے دورے کیے۔
انہوں نے مریم نواز ہیلتھ کلینک منشی والا پہنچ کر طبی سہولیات، سٹاف کی ورکنگ اور فارمیسی کا معائنہ کیا جبکہ زیرعلاج مریضوں کی تیمارداری کرتے ہوئے ان سے علاج معالجے اور فراہم کی جانے والی سہولیات بارے بھی دریافت کیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ عوام کو معیاری ہیلتھ سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جاتے رہیں گے اور بہترین پبلک سروسز کے ذریعے عوام کا اعتماد حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کو ادویات کے حصول کے لیے بازار سے میڈیسن خریدنے کی ضرورت پیش نہیں آنی چاہیے اور ہیلتھ کلینک میں ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال لودھراں کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر قربان حسین اور ایس پی اے کے مجاہد شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
محمد اشرف نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں کے علاج معالجے، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کے تعاون سمیت دیگر طبی سہولیات بارے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر بنانے کے لیے مختلف مقامات پر ڈسٹ بنز رکھوانے کا حکم بھی دیا۔ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول اور گورنمنٹ مڈل سکول منشی والا کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے سرکاری سکولوں میں معیاری اور بامقصد تعلیم کے فروغ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے تدریسی امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ننھے طلبہ و طالبات سے نصاب سے متعلق سوالات کیے اور ان کی تعلیمی استعداد کا جائزہ لیا۔
محمد اشرف نے اساتذہ کو دورِ جدید کے علوم اور سکلز پر خصوصی توجہ دینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کی جائے۔ انہوں نے اساتذہ کو ڈیجیٹل میتھڈ آف ٹیچنگ اپنانے کی ہدایت بھی کی۔











