نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی جرمنی کے وزیر خارجہ  سے ملاقات،تجارت، سرمایہ کاری و دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

8

نیویارک،24ستمبر  (اے پی پی):نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور جرمنی کے وزیر خارجہ یوہان ویڈہول نے  دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری،دفاع، تعلیم، ہنرمند افرادی قوت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر جرمنی کے وزیر خارجہ یوہان ویڈہول سے ملاقات کی۔دونوں  رہنمائوں  نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور دیرینہ اور دوستانہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

 انہوں نے بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعلقات اور کاروباری سطح پر روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال  اور  دفاع، تعلیم، ہنرمند افرادی قوت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ملاقات میں علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 جرمن وزیر خارجہ نے مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔انہوں نے فلسطین کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ نے جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر منصفانہ اور پائیدار حل کے لئے عالمی سطح پر مسلسل کوششوں کی اہمیت کا اعادہ کیا۔دونوں  رہنمائوں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔