وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت پانچ ملین سے  زائد شہری رجسٹرڈ، غیر رجسٹرڈ رکشوں کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت

7

اسلام آباد، 24 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی زیر صدارت وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم پر عملدرآمد کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ اور وزیر مملکت برائے خزانہ سمیت متعلقہ اداروں اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کو وزارت آئی ٹی اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کی جانب سے فیول ریلیف اسکیم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ ملک بھر میں اسکیم کے تحت پانچ ملین سے زائد افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جبکہ فیول ریلیف اسکیم کے ٹوکن کامیابی سے جاری کیے جارہے ہیں۔ اکثر پٹرول پمپس پر رجسٹریشن سمیت دیگر مسائل بھی حل ہوچکے ہیں۔

احد چیمہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں فیول ریلیف اسکیم کامیابی سے جاری ہے، عوام کو اسکیم سے فائدہ پہنچانے کے لیے رجسٹریشن سے متعلق مسائل فوری حل کیے جائیں۔ انہوں نے چنگ چی رکشوں اور لوڈرز کی رجسٹریشن کے مسائل بھی فوری حل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اہل مالکان کو فیول ریلیف سے محروم نہ رکھا جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ غیر رجسٹرڈ رکشوں اور لوڈرز کو ایکسائز رجسٹریشن نہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے جبکہ صوبائی حکومتوں نے رکشوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا ہے۔ رجسٹریشن مکمل ہونے پر رکشوں کو فیول ریلیف اسکیم میں شامل کیا جائے گا۔ رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کے مالکان بھی اسکیم سے مستفید ہورہے ہیں۔

احد چیمہ نے رجسٹریشن یا ٹوکن سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے پورٹل جلد فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایکسائز رجسٹریشن اور ٹوکن ادائیگی کے مسائل والے رکشوں اور لوڈرز کو بھی شکایتی نظام میں شامل کیا جائے۔ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی نے بتایا کہ صارفین کی شکایات درج کرنے کے لیے پورٹل جلد فعال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اراکین پارلیمنٹ کے اپنے حلقوں میں پٹرول پمپس کے دورے اور فیول ریلیف اسکیم کا جائزہ لینا خوش آئند ہے، اراکین پارلیمنٹ کے فیڈبیک کی روشنی میں سسٹم کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق اسکیم سے متعلق ریئل ٹائم ڈیٹا اپ ڈیٹ رکھا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پٹرول پمپس کو زیادہ تر ادائیگیاں ہوچکی ہیں جبکہ اسٹیٹ بینک حکام نے بتایا کہ زیر التوا ادائیگیوں کے مسائل ایک دو روز میں حل ہوجائیں گے۔ احد چیمہ نے ہدایت کی کہ پٹرول پمپس کی ادائیگیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔

وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ فیول ریلیف اسکیم کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے، اسکیم سے متعلق عوامی آگاہی مہم اور زمینی سطح پر آگاہی کے اقدامات جاری ہیں جبکہ عوامی آگاہی بڑھانے کے لیے مزید اقدامات بھی جاری رہیں گے۔

اجلاس میں صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔