کلائمیٹ امپلیمنٹیشن برج میں وزیرِ خزانہ کا موسمیاتی اہداف کو عوام کے لیے عملی نتائج میں ڈھالنے پر زور

7

نیویارک، 24 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے نیویارک میں کلائمیٹ امپلیمنٹیشن برج کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ موسمیاتی وعدوں کو عوام اور کمیونٹیز کے لیے ٹھوس اور عملی نتائج میں تبدیل ہونا چاہیے۔

وزیرِ خزانہ نے مؤثر عملدرآمد کے لیے تین بنیادی تقاضوں کی نشاندہی کی، جن میں مضبوط پالیسی فریم ورک، مالی وسائل تک رسائی اور ملکی سطح پر منصوبوں کو عملی شکل دینے کی صلاحیت شامل ہیں۔ انہوں نے موسمیاتی پالیسی کے حوالے سے پاکستان کی پیش رفت اور ملکی وسائل، بین الاقوامی مالیاتی اداروں، کیپٹل مارکیٹس اور موسمیاتی فنڈز کے ذریعے مالی وسائل متحرک کرنے کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی تقسیم اور سرمایہ کاری کے قابل اور مالی معاونت حاصل کرنے کے قابل منصوبوں کی کمی بدستور مؤثر عملدرآمد میں رکاوٹ ہے۔ 2022 کے سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی معاونت کے وعدوں کے باوجود مناسب منصوبوں کی عدم موجودگی کے باعث بعض مالی وسائل استعمال نہیں ہو سکے۔

وزیرِ خزانہ نے برج میں پاکستان کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ ایسے عملی فیصلوں پر اتفاقِ رائے پیدا کریں جو اس اقدام کو محض مکالمے سے آگے بڑھا کر عملی اقدامات کی جانب لے جائیں۔