امریکی-پاکستان بزنس کونسل اور بزنس کونسل آف انٹرنیشنل انڈرسٹینڈنگ کے مشترکہ وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات

7

نیویارک، 25 ستمبر )اے پی پی):امریکی-پاکستان بزنس کونسل(یو ایس پی بی سی ) اور بزنس کونسل آف انٹرنیشنل انڈرسٹینڈنگ(بی سی آئی یو) کے مشترکہ وفد نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے امریکی کاروباری رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور امریکہ کے کاروباری شعبوں کے درمیان طویل عرصے سے جاری اور نتیجہ خیز شراکت داری کو سراہا۔

وزیراعظم نے امریکی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان کی معیشت کے اہم شعبوں بالخصوص مینوفیکچرنگ، زراعت، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت(اے آئی ) ، کان کنی اور معدنیات سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کو اجاگر کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں کاروبار دوست ماحول کا قیام ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ملاقات میں پاکستان کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں میں مصروف امریکی کمپنیوں بوئنگ، ایبٹ، پیپسی کو، کوکا کولا، ریسکیورٹی، ماسٹر کارڈ، این ویڈیا، ای ٹی ایس کیپیٹل، ٹی آر جی انٹرنیشنل، آرچر ڈینیئلز مڈلینڈ کمپنی، نارتھ شور میڈیکل لیب، ریکٹ، ویزا اور ایکسیلیریٹ انرجی کے سینئر نمائندگان نے شرکت کی۔

امریکی-پاکستان بزنس کونسل کی صدر ایسپرانزا جیلیلیان نے امریکی کاروباری اداروں کے ساتھ وزیراعظم کی مسلسل رابطہ کاری پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امریکی چیمبر آف کامرس کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے فروغ کے لیے منصوبوں سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

بزنس کونسل آف انٹرنیشنل انڈرسٹینڈنگ کے صدر پیٹر ٹچانسکی نے پاکستان میں موجودہ سرمایہ کاری کو وسعت دینے اور نئی شراکت داری کے مواقع تلاش کرنے میں بی سی آئی یو کی رکن کمپنیوں کی دلچسپی سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کو امریکی کاروباری اداروں کے لیے ایک اہم سرمایہ کاری کی منزل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بڑی مارکیٹ اور نوجوان افرادی قوت ملک میں سرمایہ کاری کے لیے اہم عوامل ہیں۔

امریکی-پاکستان بزنس کونسل اور بزنس کونسل آف انٹرنیشنل انڈرسٹینڈنگ کے ارکان نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں اپنے کاروباری مفادات، موجودہ سرگرمیوں اور ملک میں اپنی موجودگی کو مزید وسعت دینے کے منصوبوں سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

ملاقات کے موقع پر وزیراعظم کی معاونت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، وزیر خزانہ و محصولات، وزیر دفاع، معاون خصوصی وزیراعظم طارق فاطمی، چیئرمین پی وی آر اے بلال بن ثاقب، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار اور امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان احمد شیخ نے کی۔