اسلام آباد: آسان ٹیکس سکیم کے تحت 9806 دکاندار رجسٹر، 428 نے ریٹرنز جمع کرا دیے

6

اسلام آباد، 25 ستمبر (اے پی پی): وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت دکانداروں کے لیے آسان ٹیکس سکیم کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سکیم پر عملدرآمد، دکانداروں کی رجسٹریشن اور ریٹرن فائلنگ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آسان ٹیکس سکیم کے اجرا کے ایک ماہ کے دوران اب تک 9806 دکاندار سکیم میں شامل ہو چکے ہیں، جبکہ 1929 ایسے نئے دکاندار بھی رجسٹر ہوئے ہیں جو اس سے قبل ٹیکس نظام میں شامل نہیں تھے۔ سکیم کے تحت اب تک 428 دکاندار ریٹرنز جمع کرا چکے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ آسان ٹیکس سکیم کے تحت ریٹرنز جمع کرانے والوں میں چھوٹے اور بڑے شہروں کے دکاندار شامل ہیں، جبکہ توقع ہے کہ نئے رجسٹر ہونے والے دکاندار بھی جلد اپنے ریٹرنز جمع کرا دیں گے۔

وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے پرال اور ایف بی آر کو ہدایت کی کہ آسان ٹیکس سکیم پر عملدرآمد سے متعلق دکانداروں اور وکلا کے ٹیکنیکل اعتراضات فوری طور پر دور کیے جائیں۔ انہوں نے ریٹرنز جمع کرانے والے دکانداروں کو جلد از جلد ایف بی آر پلیٹس فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ آسان ٹیکس سکیم دکانداروں کے لیے ایک منفرد سکیم ہے جو کسی دوسرے کاروباری طبقے کو میسر نہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مزید دکاندار اس سکیم کا حصہ بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ آسان ٹیکس سکیم کے اجرا کے بعد دکانداروں کے لیے فائلر بننے کی راہ میں کوئی وجہ یا جواز باقی نہیں رہا۔ اجلاس میں تاجروں اور ایف بی آر افسران کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر رابطے یقینی بنانے اور ٹیکس بارز و وکلا سے رابطے مزید بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ آسان ٹیکس سکیم سے متعلق اردو زبان میں معلوماتی کتابچہ بھی جاری کیا گیا ہے، جس میں نئی سکیم، ریٹرن جمع کرانے کے طریقہ کار اور مقررہ ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد عائد ہونے والے جرمانوں کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔

بریفنگ کے مطابق ریٹرن جمع کرانے کی ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد پہلے ماہ 10 ہزار روپے، دوسرے ماہ 25 ہزار روپے جبکہ تیسرے ماہ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

تاجر رہنماؤں اجمل بلوچ اور کاشف چوہدری نے آسان ٹیکس سکیم کو اچھی سکیم قرار دیتے ہوئے ایف بی آر کے اقدامات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ نئی سکیم ہونے کے باعث دکانداروں میں اس حوالے سے آگاہی پیدا ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔اجلاس میں ممبر سٹرٹیجک ٹرانسفارمیشن ڈاکٹر حامد عتیق، ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشنز زبیر بلال، ایف بی آر کے اعلیٰ حکام، ملک بھر کے چیف کمشنرز اور کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔