فلسطینی عوام کا حقِ خودارادیت تسلیم کیا جانا چاہیے: وزیراعظم شہباز شریف

8

نیو یارک 25 ستمبر  (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ کامل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ نسلوں سے فلسطینی عوام اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور ان کا حقِ خودارادیت تسلیم کیا جانا چاہیے۔

وزیراعظم نے غزہ کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں پیدا ہونے والے بچے کو دنیا میں کہیں بھی پیدا ہونے والے بچے کی طرح جینے کا پورا حق حاصل ہے۔ انہوں نے اسرائیلی تشدد کے مغربی کنارے تک پھیلنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے فلسطینیوں کی زبردستی بے دخلی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ عمل اسرائیل کے نسل کشی کے ایجنڈے کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان مظالم کا سدِباب کرے۔

پاکستان کے واضح موقف کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 1967ء سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل ایک ایسی آزاد اور بااختیار فلسطینی ریاست کا قیام چاہتا ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

اپنے خطاب میں انہوں نے لبنان اور شام کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کی بھی مذمت کی۔