پاک بھارت کشیدگی، ہماری مسلح افواج نے دشمن کو کبھی نہ بھولنے والا سبق سکھایا، وزیراعظم

7

نیویارک 25 ستمبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ سال پاکستان کو بھارت کی طرف سے بلا اشتعال جارحیت کا سامنا کرنا پڑا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ فیلڈ مارشل کی جرات مندانہ قیادت میں ہماری بہادر مسلح افواج نے اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے دشمن کے دانت کھٹے کرتے ہوئے اسے خاموش کرایا اور ایک کبھی نہ بھولنے والا سبق سکھایا۔

خطاب کے دوران وزیراعظم نے خطے کو کسی بڑی تباہی سے بچانے کے حوالے سے عالمی کوششوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان ممکنہ جنگ کو روکنے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بروقت مداخلت کا اعتراف کیا اور ان کی پرعزم و بصیرت افروز قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے خطے میں دائمی امن کے لیے کشمیریوں کے حقوق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے تنازع کا منصفانہ اور پائیدار حل انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ دہائیوں سے کشمیری عوام اپنے بنیادی حق کے لیے اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، لہٰذا عالمی برادری اور اقوام متحدہ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت سے متعلق کیے گئے اپنے وعدوں کو فوری طور پر پورا کریں۔