وفاقی وزیر احد چیمہ کا قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان کو وفاقی حکومت کی اہم ترجیح قرار دینے پر زور

6

اسلام آباد، 28 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ نے قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان کو وفاقی حکومت کی اہم ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے وزیراعظم کے ساتھ صوبائی وزرائے اعلیٰ کے آئندہ مشاورتی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی (پی ڈی اے) کے امور سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان اور مختلف شعبوں میں ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

احد چیمہ نے کہا کہ ڈیجیٹل گورننس، ڈیجیٹل معیشت اور ڈیجیٹل معاشرہ قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان کے بنیادی ستون ہیں، ڈیجیٹلائزیشن اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے ہر شعبے میں ترقی اور عوامی خدمات کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پی ڈی اے کے شعبہ وار منصوبوں میں قابلِ عمل اہداف اور حقیقت پسندانہ مدتِ تکمیل واضح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم اور تجارت سمیت مختلف شعبوں کے ڈیجیٹلائزیشن منصوبوں کا آئندہ اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو جدید ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت سے متعلق مہارتیں سکھانے کے لیے مربوط لائحۂ عمل تیار کیا جائے، نئی نسل کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹل مہارتیں باقاعدہ تعلیمی نظام کے ذریعے فراہم کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے سرکاری و نجی اسپتالوں میں مریضوں کے یکساں ڈیجیٹل ریکارڈ اور رجسٹری کے قیام پر غور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شناختی کارڈ پر مبنی کمپیوٹرائزڈ نظام سے مریضوں کے ریکارڈ اور علاج کے تسلسل میں مدد ملے گی۔

احد چیمہ نے وزارتوں اور ڈویژنز میں ڈیجیٹلائزیشن کے لیے موجودہ آئی ٹی عملے کی تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ای آفس کے بعد دستیاب عملے کو مزید تربیت دے کر حکومتی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے مؤثر طور پر بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی اے، این آئی ٹی بی کے اشتراک سے وفاقی ڈویژنز کے عملے کی تربیت کرے گی۔

انہوں نے وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے اجرا میں پی ڈی اے کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ایم او ایس سسٹم سمیت پی ڈی اے کے اقدامات کو مزید سرکاری شعبوں تک وسعت دی جائے۔