مری: نگہت زار پارک سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا، پھولوں اور پودوں سے مال روڈ کی خوبصورتی میں اضافہ

2

مری، 29 ستمبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ملکہ کوہسار مری میں سیاحت کے فروغ اور خوبصورتی میں اضافے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ مال روڈ پر واقع تاریخی اور تفریحی “نگہت زار پارک” ملک بھر سے آنے والے سیاحوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

متعلقہ محکمے کی جانب سے نگہت زار پارک اور مال روڈ کے اطراف میں نایاب اور اعلیٰ معیار کے رنگ برنگے پھول اور پودے لگانے کا عمل جاری ہے، جس سے اس سیاحتی مقام کے حسن کو چار چاند لگ گئے ہیں۔ پارک میں موجود یہ دلکش نظارے سیاحت کے شوقین افراد کے لیے باعثِ کشش بنے ہوئے ہیں، جہاں سیاح مری کی حسین وادیوں کے یادگار لمحات کو اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر کے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

سیاحوں اور عوامی حلقوں نے حکومتِ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کے اس خوش آئند اقدام کو بھرپور سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے ملکہ کوہسار آنے والے سیاحوں کو بہترین تفریحی سہولیات اور خوبصورت ماحول میسر آ رہا ہے۔