نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ اسحاق ڈار اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی ملاقات

4

اسلام آباد،06اکتوبر (اے پی پی): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے منگل کو یہاں ملاقات کی،جس میں فلسطین،جموں و کشمیر،افغانستان سمیت علاقائی اور عالمی امن و سلامتی سے متعلق امور،انسداد دہشت گردی اور کثیرالجہتی نظام کے مستقبل سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو جموں و کشمیر اور سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے پاکستان کے مطالبے کا اعادہ کیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو اجاگر کیا،جن میں امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مذاکرات میں پاکستان کی سہولت کاری بھی شامل ہے۔ انہوں نے تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو مؤثر ترین ذریعہ قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے عالمی ادارے کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات کے ساتھ ساتھ مذاکرات، ثالثی اور کشیدگی میں کمی کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔