اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کا یو این-اے یو شراکت داری مضبوط بنانے اور قیامِ امن میں افریقی قیادت پر زور

0

اقوام متحدہ، 6 اکتوبر  (اے پی پی): پاکستان نے اقوام متحدہ اور افریقی یونین اے یو  کے درمیان مضبوط تر سیاسی روابط اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ براعظم افریقہ کو درپیش امن و سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کی عالمی کوششوں میں افریقی ملکیت کو مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔

اقوام متحدہ اور علاقائی و ذیلی علاقائی تنظیموں کے درمیان تعاون، بالخصوص افریقی یونین کے حوالے سے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے کہا کہ اقوام متحدہ اور افریقی یونین کی شراکت داری نے ایک مضبوط ادارہ جاتی بنیاد حاصل کرلی ہے، تاہم اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اسے مزید سیاسی ہم آہنگی اور زمینی سطح پر ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ افریقہ کی امن و سلامتی کی صورتحال بتدریج پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے، جہاں طویل عرصے سے جاری تنازعات، بڑھتی ہوئی دہشت گردی، بیرونی مداخلت اور مختلف سفارتی و ثالثی کوششوں میں عدم ہم آہنگی جیسے عوامل موجود ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات علاقائی حقائق سے ہم آہنگ ہوں اور افریقی اداروں کی مکمل شرکت اور قیادت میں تشکیل دیے جائیں۔

سوڈان اور مشرقی جمہوریہ کانگو)(ڈی آر سی) کے حوالے سے سفیر عثمان جدون نے مختلف سفارتی کوششوں میں زیادہ ہم آہنگی پر زور دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ، افریقی یونین اور متعلقہ ذیلی علاقائی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ ایک دوسرے کی تکمیل کرنے والی سیاسی حکمت عملی اختیار کریں، جن میں مؤثر عملدرآمد اور مضبوط فالو اَپ کو مرکزی اہمیت حاصل ہو۔

انہوں نے یعنی سلامتی کونسل میں شامل تین افریقی ممالک کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ گروپ سلامتی کونسل کی کارروائی میں افریقی نقطۂ نظر کی مؤثر عکاسی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے افریقی امور پر اور متعلقہ ممالک کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

سلامتی کونسل کی قرارداد 2719 کے حوالے سے سفیر عثمان جدون نے فریم ورک سے عملی نفاذ کی جانب بڑھنے پر زور دیا اور مشترکہ منصوبہ بندی، مشن کی معاونت، مالی معاونت، قواعد و ضوابط کی پابندی اور شہریوں کے تحفظ کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا ذکر کیا۔ انہوں نے افریقی یونین کی قیادت میں امن معاونت کی کارروائیوں کے لیے مناسب، قابلِ پیش گوئی اور پائیدار مالی معاونت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

 سفیر عثمان جدون نے اقوام متحدہ اور افریقی یونین کی شراکت داری کو تنازعات کی روک تھام اور ثالثی سے لے کر قیامِ امن، امن سازی اور انسدادِ دہشت گردی تک امن کے مکمل تسلسل پر محیط کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ساحل، جھیل چاڈ کے طاس اور ہارن آف افریقہ سمیت مختلف خطوں کو درپیش خطرات کے حوالے سے افریقی اداروں کے تجربے اور زمینی قربت کو سلامتی کونسل کی غوروفکر اور فیصلہ سازی میں زیادہ سے زیادہ مدِنظر رکھا جانا چاہیے۔