وزیر داخلہ محسن نقوی اور پولینڈ کے وزیرکی ملاقات، سیکیورٹی اور غیر قانونی مائیگریشن روکنے پر تعاون بڑھانے پر اتفاق

3

اسلام آباد،7 اکتوبر(اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے پولینڈ کے وزیر اور کونسل آف منسٹرز کے سربراہ ٹوماش شیمونیاک نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین سیکیورٹی، انٹیلیجنس شیئرنگ، انسدادِ دہشت گردی، غیر قانونی مائیگریشن کے تدارک اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو نئی جہت دینے اور اعلیٰ سطح کے روابط کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ، میوچل لیگل اسسٹنس (باہمی قانونی معاونت) سمیت مختلف مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق رائے ہوا۔ دوطرفہ تعلقات کو مزید پروان چڑھانے کے لیے وزیر مملکت طلال چوہدری کی سربراہی میں وزارتِ داخلہ کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد جلد پولینڈ کا دورہ کرے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر واضح کیا کہ حکومتِ پاکستان نے منشیات کی اسمگلنگ، غیر قانونی مائیگریشن اور منظم جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موثر حکومتی اقدامات کے نتیجے میں پاکستان سے یورپ کی جانب غیر قانونی امیگریشن میں 64 فیصد تک نمایاں کمی آئی ہے، اور باہمی تعاون و قریبی کوآرڈینیشن کو فروغ دے کر ان جرائم کا مکمل خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

پولینڈ کے وزیر ٹوماش شیمونیاک نے اس ضمن میں حکومتِ پاکستان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ غیر قانونی مائیگریشن کے مؤثر تدارک کے لیے یورپ میں پاکستانی شہریوں کے لیے روزگار اور قانونی مائیگریشن (Legal Migration) کے مواقع بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ پولش وزیر نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کے قانونی راستوں سے پولینڈ آمد کا پر خیرمقدم کیا جائے گا، جبکہ انسدادِ دہشت گردی اور سیکیورٹی امور پر دونوں ممالک بالکل یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔

ملاقات میں پاکستان اور پولینڈ کے درمیان عوامی، تجارتی اور کاروباری روابط کو وسعت دینے کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ پولش وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی اور سیکیورٹی تعلقات کے ساتھ ساتھ معاشی تعلقات کا فروغ بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یورپی یونین کی جی ایس پی پلس (GSP Plus) اسکیم کے حوالے سے پاکستان کی مسلسل حمایت اور تعاون پر پولینڈ کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے علاوہ، دونوں ممالک کے مابین آفیشل پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا فری سہولت فراہم کرنے کے امور پر بھی غور کیا گیا۔ پولش وزیر نے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ اور پرعزم کوششوں کو سراہتے ہوئے بھرپور تائید کا اعادہ کیا۔ملاقات کے دوران سیکرٹری داخلہ اور وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔