فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات، علاقائی سلامتی اور امن پر تبادلہ خیال

2

راولپنڈی، 07 اکتوبر (اے پی پی): چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ میں اقوامِ متحدہ کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے علاقائی استحکام، جموں و کشمیر تنازع، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے اور افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گردی پر تبادلہ خیال کیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے بین الاقوامی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت میں امن، استحکام اور انسانی ہمدردی پر مبنی تعاون کو آگے بڑھانے میں اقوامِ متحدہ کے کردار کو سراہا۔

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور اس کی مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کو تسلیم کیا۔ انہوں نے خاص طور پر علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔