اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت سید خالد مقبول صدیقی نے وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت میں پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیرڈاکٹر عمر حسین اوبا سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران تعلیم، اعلیٰ تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت، سٹیم تعلیم، تحقیق اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط سمیت باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے ایتھوپیا کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ اپنے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور بالخصوص تعلیم کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا نے 1973ء میں سفارتی تعلقات قائم کیے تھے، جبکہ 2022ء میں اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارتخانے کا قیام دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت تھی۔
ملاقات میں تعلیم کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت کے مسودے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی، جو دسمبر 2025ء میں سفارتی ذرائع کے ذریعے ایتھوپیا کے فریق کو غور و خوض کے لیے ارسال کیا گیا تھا۔ مجوزہ مفاہمت کی یادداشت کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کے لیے ایک منظم اور جامع فریم ورک فراہم کرنا ہے، جس میں اعلیٰ تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت، سٹیم تعلیم اور تعلیمی و ادارہ جاتی روابط شامل ہیں۔
وفاقی وزیر نے ایتھوپیا کے فریق سے مفاہمت کی یادداشت کے مسودے کی موجودہ پیش رفت سے آگاہ کرنے اور اس حوالے سے مرتب کیے گئے تبصروں یا تجاویز سے پاکستان کو مطلع کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کی جانب سے موصول ہونے والی تجاویز اور آرا کا جائزہ لینے اور مسودے کو باہمی رضامندی سے حتمی شکل دینے کے لیے تیار ہے، تاکہ اسے مناسب سفارتی ذرائع کے ذریعے آگے بڑھایا جا سکے۔
اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے وفاقی وزیر نے مشترکہ سیمینارز، ورکشاپس اور ویبینارز، مہمان لیکچرز، اساتذہ اور ماہرین کے تبادلے، طلبہ کے روابط، ثقافتی تبادلے، تحقیقی سرگرمیوں، اختراعی منصوبوں اور تعلیمی وسائل کے اشتراک کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان براہِ راست روابط کے فروغ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے روابط فیکلٹی کے باہمی تعاون، مشترکہ تحقیق اور طلبہ کے لیے علمی و تحقیقی مواقع میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے فنی و پیشہ ورانہ تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کے شعبے میں بھی تعاون کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان کے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن اور ایتھوپیا کے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ہنرمندی کی ترقی، پیشہ ورانہ معیار، صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ تربیت اور ادارہ جاتی استعدادِ کار میں اضافے کے شعبوں میں تجربات کا تبادلہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھرتی ہوئی مہارتوں کی ضروریات اور لیبر مارکیٹ کے رجحانات سے متعلق معلومات کا تبادلہ بھی دونوں ممالک میں تربیتی پروگراموں کو روزگار کے مواقع اور مارکیٹ کی ضروریات سے بہتر طور پر ہم آہنگ کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
ملاقات کے دوران سٹیم تعلیم کے شعبے میں تعاون کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، بالخصوص تحقیق پر مبنی اور بین الشعبہ جاتی تعلیمی طریقۂ کار، تحقیقی سرگرمیوں، تدریسی تجربات اور تعلیمی وسائل کے تبادلے پر زور دیا گیا۔ وفاقی وزیر نے تعلیم اور جدت کے ان ابھرتے ہوئے شعبوں میں ایتھوپیا کے ساتھ تعاون کے لیے پاکستان کی آمادگی کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر نے تجویز دی کہ مفاہمت کی یادداشت کے مسودے پر ایتھوپیا کی جانب سے تجاویز موصول ہونے کے بعد دونوں ممالک کے فوکل پرسنز باہمی رابطے کے ذریعے زیرِ التوا امور کو حل کریں اور باہمی رضامندی سے مسودے کو حتمی شکل دیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کے بعد مناسب سفارتی ذرائع کے ذریعے مفاہمت کی یادداشت کو حتمی شکل دینے اور اس پر دستخط کرنے کے لیے پیش رفت کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کو اپنے دوستانہ دوطرفہ تعلقات کو عملی تعلیمی تعاون میں تبدیل کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنی چاہئیں، تاکہ دونوں ممالک کے طلبہ، اساتذہ، تعلیمی اداروں اور ہنرمندی کے شعبے کے لیے ٹھوس اور مؤثر مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے پرتپاک استقبال پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے تعلیم، تحقیق اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دونوں ممالک کی جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان مزید تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے تعلیم کے شعبے میں مجوزہ تعاون کے فریم ورک کو آگے بڑھانے اور ایسے ٹھوس شعبوں کی نشاندہی کرنے کے عزم کا اظہار کیا جن کے ذریعے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تعلیمی روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔











