اسلام آباد،9اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ 13 اور 14 اکتوبر کو اسلام آباد میں ایک اہم بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرے گا جو غربت کے خاتمے کے لئے اقوام متحدہ کے عالمی دن کے حوالے سے منعقد کی جا رہی ہے، یہ دن 17 اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔
جمعہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد غربت سے خوشحالی کی جانب پائیدار راستے استوار کرنا، معاشی استحکام کو مضبوط بنانا اور غربت میں کمی اور جامع معاشی خودمختاری کے لئے دیرپا حل تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کانفرنس آن انکلیوسِو اینڈ ریزیلینٹ اکنامک امپاورمنٹ اینڈ گروتھ ’’غربت سے خوشحالی‘‘ کے موضوع کے تحت منعقد کی جا رہی ہے۔
کانفرنس کا انعقاد پی پی اے ایف، وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ، پیغامِ پاکستان اور سینٹر آف ایکسیلنس فار نیشنل کوہیژن اینڈ آؤٹ ریچ اسلام آباد کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔
عالمی کانفرنس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کانفرنس میں 12 ممالک شرکت کر رہے ہیں، کانفرنس کا مقصد غربت میں کمی کے لئے ایک زیادہ پائیدار اور مؤثر طریقہ کار کو فروغ دینا ہے جس کے تحت سماجی تحفظ کو معاشی خودمختاری، پائیدار ذرائع معاش اور کمزور طبقات کے لئے ایسے بامعنی مواقع سے مربوط کیا جائے جو انہیں مستقل معاشی خودانحصاری کی جانب لے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں کمزور اور مستحق گھرانوں کو پائیدار ذرائع معاش فراہم کرنے اور انہیں معاشی و موسمیاتی بحرانوں، خصوصاً سیلاب، بیماری اور دیگر ایسے حالات سے نمٹنے کے قابل بنانے کے لئے عملی اور قابلِ توسیع حکمتِ عملیوں کا جائزہ لیا جائے گا جو خاندانوں کو دوبارہ غربت کی جانب دھکیل سکتے ہیں۔
سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ کانفرنس کا ایک اہم مقصد یہ بھی ہے کہ اس امر کا جائزہ لیا جائے کہ سماجی تحفظ کو محض فوری امداد تک محدود رکھنے کے بجائے خود انحصاری کے وسیع تر راستے میں کیسے تبدیل کیا جا سکتا ہے تاکہ گھرانے پیداواری اثاثے تشکیل دے سکیں، منڈیوں تک رسائی حاصل کریں اور آمدن کے زیادہ پائیدار ذرائع پیدا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں حکومتی پالیسی سازوں اور اعلیٰ حکام، شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے نمائندوں، بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں، کثیرالجہتی و دوطرفہ ڈونرز، مالیاتی اداروں، نجی شعبے کے نمائندوں، محققین و ماہرین تعلیم، سول سوسائٹی تنظیموں، دیہی برادریوں کے نمائندوں اور سماجی تحفظ، غربت سے نجات اور جامع معاشی ترقی کے شعبوں میں کام کرنے والے افراد شرکت کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے دوران سماجی تحفظ اور پائیدار ذرائع معاش کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی جبکہ کمزور طبقات کے لئے معاشی مواقع کو وسعت دینے کے سلسلے میں منڈیوں تک رسائی، روزگار، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور مالی معاونت کے مؤثر طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے اڑان پاکستان پروگرام کے تحت غربت میں کمی لائی جا رہی ہے اور پالیسیوں کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں پائیدار ترقی کے حصول اور لوگوں کو غربت سے نکالنے کے لئے عملی اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پاورٹی ایلیویشن اپنے شراکت دار اداروں کے ساتھ مل کر ملک کے 157 اضلاع میں کام کر رہا ہے اور اب تک 171200 کمیونٹی ادارے قائم کئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت میں کمی لانے کے لئے 2014 سے اب تک 139 ارب 61 کروڑ روپے مالیت کے 36 لاکھ 90 ہزار بلا سود قرضوں کی فراہمی میں سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان قرضوں سے 57 فیصد خواتین مستفید ہوئی ہیں اور قرضوں کی واپسی 98 فیصد تک رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے ذرائع معاش کی تخلیق وقت کی ضرورت ہے جو معاشی مشکلات اور بحرانوں کا مقابلہ کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا بھی اپنا مثبت کردار ادا کرتے ہوئے ترقیاتی پیشرفت اور فلاحی کاموں کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرے ۔











