وزیراعظم شہباز شریف نے “دانش آئی ٹی پارک ” کا افتتاح کر دیا

5

 

اسلام آباد،10اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد آئی ٹی پارک کا نام ’’دانش آئی ٹی پارک‘‘ رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نوجوانوں کو ہنرمند بنانے،جدت  کے فروغ اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں نیشنل ٹیکنالوجی پارک کی  افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ جدید آئی ٹی پارک انکیوبیشن سینٹرز، انوویشن، اسٹارٹ اپس، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، صنعتوں اور نوجوان کاروباری افراد کے لیے مواقع فراہم کرے گا، اس سے ملک کے ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں نوجوان مرد و خواتین کو ہنر سیکھنے اور بااختیار بننے کا موقع ملے گا جبکہ یہی مہارتیں پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے میں مدد دیں گی۔ مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے زراعت، صنعت، مینوفیکچرنگ، معدنیات اور دیگر شعبوں میں جدید علوم سے استفادہ کیا جاسکے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کے منصوبے کا سنگ بنیاد 18-2017 میں رکھا گیا تھا، تاہم اس کے بعد کیا ہوا، وہ تاریخ کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا موقع نہیں، بلکہ منصوبے کی تکمیل میں تعاون کرنے والے تمام افراد کی کاوشوں کو سراہنے کا موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے متعلقہ وزرا بالخصوص وزیر خزانہ اور وزیر آئی ٹی اور  سیکریٹری آئی ٹی سمیت ان کی پوری ٹیم نے منصوبے کی تکمیل کے لیے محنت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ابتدا میں اس منصوبے کو  ناقابل عمل  منصوبہ قرار دیا گیا  لیکن ٹیم ورک اور دن رات کی محنت سے اسے ایک مستحکم اور قابل عمل منصوبے میں تبدیل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے خود بھی اس منصوبے سے متعلق متعدد اجلاسوں کی صدارت کی اور ایک سے زیادہ مرتبہ یہاں آئے، کیونکہ منصوبہ نہ صرف طویل تاخیر کا شکار تھا بلکہ وہ چاہتے تھے کہ ملک کے نوجوان جلد از جلد اس سے مستفید ہوں اور پاکستان ترقی کی جانب آگے بڑھے۔

تقریب  میں موجود جنوبی کوریا کے سفیر اور دیگر معزز مہمانوں سے مخاطب ہوئے وزیراعظم نے جنوبی کوریا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلی مرتبہ 1985 میں جنوبی کوریا گئے  جہاں انہوں نے ڈائیوو کے ہیڈکوارٹرز اور ایک اسٹیل پلانٹ کا دورہ کیا اور متعدد کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور جب وہ پہلی مرتبہ وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تو  لاہور میں پہلی مرتبہ ڈائیوو کی ایئرکنڈیشنڈ بسیں متعارف کرائی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ 98-1997 میں بھی جنوبی کوریا گئے اور ڈوئیوو کے چیئرمین سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے جنوبی کوریا کے صدر  کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کوریا کا اس منصوبے میں تعاون قابل قدر ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان اس منصوبے کی دیکھ بھال کرے گا اور اسے اس شعبے میں ایک کامیاب منصوبہ بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی پارک کی اہمیت صرف عمارت یا تعمیراتی ڈھانچے تک محدود نہیں  بلکہ اس کا اصل مقصد ایک ایسا نظام تشکیل دینا ہے جس میں جدت، انکیوبیشن سینٹرز، ہنر کی ترقی، فنی تربیت اور کاروباری افراد کو آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے ماہرین سے سیکھنے کے مواقع میسر آئیں۔ یہ مرکز ان تمام افراد کے لیے مہارتوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا جو سیکھنے اور عملی میدان میں آگے بڑھنے کے خواہش مند ہیں۔وزیراعظم نے بتایا کہ انہوں نے متعلقہ وزارت کو ہدایت کی ہے کہ عمارت کو شفاف طریقہ کار کے تحت چلانے کے لیے آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں کام کرنے والی ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کو مدعو کیا جائے۔ ان میں سے بہترین خدمات فراہم کرنے والی کمپنی کو موزوں ترین شرائط پر عمارت حوالے کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس انتظام کے تحت حکومت پاکستان کا روزمرہ آپریشنز سے کوئی تعلق نہیں ہوگا، بلکہ ماہرین اور اساتذہ اس مرکز کو دنیا میں رائج معروف طریقہ کار کے مطابق چلائیں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ دانش آئی ٹی پارک ملک کا پہلا ایسا آئی ٹی پارک ہوگا جسے حکومت پاکستان دوسرے صوبوں کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان تک بھی وسعت دے گی۔

انہوں نے دانش اسکولوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے انتہائی غربت کے ماحول میں رہنے والے بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کر رہے ہیں اور پنجاب کے علاوہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی دانش اسکول تعمیر کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ دانش اسکولوں سے تعلیم حاصل کرنے والے ہزاروں بچے اپنی قابلیت اور ذہانت کی بنیاد پر آج ڈاکٹرز، انجینئرز، سائنسدان اور اساتذہ بن چکے ہیں  جبکہ بعض دنیا کی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور پاکستان کے ہسپتالوں میں دکھی انسانیت کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ دانش یونیورسٹی بھی تیزی سے قائم کی جا رہی ہے۔ اسی وژن کے تحت اسلام آباد آئی ٹی پارک کو ’’دانش آئی ٹی پارک‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔